بارکھان/رکھنی: جشنِ آزادی کے موقع پر رکھنی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ڈی آئی جی کوہِ سلیمان رینج ایاز بلوچ، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کے افسران، پولیس حکام اور قبائلی عمائدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم کی سربلندی اور ملکی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمن قمبرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں قومی یکجہتی، بھائی چارے اور ملک سے محبت کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دیتے ہوئے پاکستان کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔