اورماڑہ (رپورٹ ۔ منیراحمد) اورماڑہ میں 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے شان دار ریلی، شہریوں اور طلباء کی بھرپور شرکت
14 اگست وطن عزیز کے 79ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر اورماڑہ میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اورماڑہ کے زیر اہتمام طلباء، اساتذہ کرام اور شہریوں کی جانب سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں اہلیان اورماڑہ نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ملک سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔ ہاتھوں میں سبز ہلا لی پرچم اور ملی نغموں پر مشتمل بینرز اٹھائے طلباء ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کا آغاز گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سے ہوا جو شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور بازار سے ہوتی ہوئی مرکزی فٹ بال چوک پر پہنچ کر ایک عظیم الشان جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر صادق مسافر علی نے یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے مابین ہونے والے حالیہ دفاعی و معاشی معاہدات اسلامی دنیا میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی قیادت اور سفارتی کامیابی کا روشن ثبوت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ معاہدے ہماری معاشی و دفاعی خودانحصاری کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد اور اتحاد عالم اسلام کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ جلسے سے معروف علم دین مفتی محمد نعیم نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی امن و سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس بابرکت دن ہم سب کو مل کر ملکی سلامتی، بھائی چارے اور امن کے قیام کا عزم کرنا ہوگا پاک سرزمین کی بقا اور ترقی کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
https://www.facebook.com/share/v/14pPxCUqh7P/