وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو برطرف کر دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) نے گورنر بلوچستان کی منظوری کے بعد برطرفی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہ
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے دو روز قبل آئین کے آرٹیکل 132 کی ذیلی شق 3 کے تحت سردار عبدالرحمان کھیتران کی برطرفی کی سمری منظوری کے لیے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو ارسال کی تھی۔
معاملات پر اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام سے متعلق فیصلوں خصوصاً ویسٹ ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور بارکھان کے اضلاع پر مشتمل نئے تشکیل دیے گئے کوہ سلیمان ڈویژن کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ نے چند ماہ قبل ڈیرہ بگٹی کو تقسیم کر کے اپنے آبائی علاقے بیکڑ کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی کے نام سے نئے ضلع کا درجہ دیا تھا۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے اپنے آبائی ضلع بارکھان کے بعض علاقوں کو ویسٹ ڈیرہ بگٹی میں شامل کیے جانے کی بھی مخالفت کی تھی۔

اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر سردار عبدالرحمان کھیتران نے برطرفی کے معاملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس وقت یورپی ملک یونان کی سیر سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر وہ اس حوالے سے بات کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس میں بھی زیر بحث آیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے دونوں جماعتوں کی اہم سیاسی شخصیات کو اعتماد میں لے کر سردار عبدالرحمان کھیتران کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
عبدالرحمان کھیتران کون ہیں؟
سردار عبدالرحمان کھیتران بلوچستان کی سیاست میں ایک متنازع لیکن بااثر شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ وہ مختلف ادوار میں تعلیم، محکمہ مواصلات سمیت جیسی اہم وزارتوں پر فائز رہے۔
عبدالرحمان کھیتران کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے اور وہ کھیتران قبیلے کے سربراہ ہیں۔
وہ 1997 میں پہلی بار رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر تعلیم رہے۔
