مسلم باغ پولیس کی دبنگ کارروائی، اہلیانِ شہر کا زبردست خراجِ تحسین
مسلم باغ :- مسلم باغ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور دبنگ کارروائی کرتے ہوئے چار ڈکیت گروہوں کے سرغنہ کو گرفتار کرنے پر اہلیانِ مسلم باغ کی جانب سے پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس سلسلے میں سردار محمد حنیف خان سرگڑھ، ملک مجید خان سلطانزئی، عبدالجبار موریزئی، نعیم موریزئی، سردارزادہ زکریا مہترزئی، ملک گل محمد کاکڑ، ملک اسرارِ بازئی،عبدالواسع کاکڑ، احسان اللہ کاکڑ، زمان خان کاکڑ اور دیگر عوامی نمائندوں و معززین نے مسلم باغ پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور ڈی ایس پی حاجی محمد زمری، ایس ایچ او محمد اسماعیل بابر اور پوری مسلم باغ پولیس ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سردار محمد حنیف خان سرگڑھ نے کہا کہ ہم ایس پی عمران رزاق، ڈی ایس پی حاجی محمد زمری اور ایس ایچ او محمد اسماعیل بابر کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں اور عوام ایسی مؤثر پولیسنگ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
نعیم موریزئی نے کہا کہ عوام اور پولیس کا رشتہ ہمیشہ سے باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم رہا ہے۔ ایک پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سردارزادہ زکریا مہترزئی نے کہا کہ مسلم باغ کے عوام کو اپنی پولیس پر فخر ہے۔ پولیس کی حالیہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر پولیس کو عوام کا تعاون حاصل ہو تو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات فروشوں، چوروں، ڈکیتوں، جرائم پیشہ عناصر اور علاقے کا امن و سکون خراب کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی میں پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس کو بروقت اطلاع دیں۔
اہلیانِ مسلم باغ نے امید ظاہر کی کہ ایس پی عمران رزاق کی قیادت، ڈی ایس پی حاجی محمد زمری، ایس ایچ او محمد اسماعیل بابر اور مسلم باغ پولیس ٹیم اسی جذبے اور پیشہ’ ورانہ انداز کے ساتھ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
«رپورٹ زیڈکے اچک»
عوام اور پولیس کا باہمی اعتماد ہی پُرامن، محفوظ اور خوشحال مسلم باغ کی ضمانت ہے۔۔۔ وطن نیوز ایجنسی پریس کلب مسلم باغ